سو سالہ قدیم گراؤنڈ  وائی ایم سی اے پر کھیلوں کی سرگرمیاں 17سال بعد بحال


کراچی کا سو سالہ قدیم گراؤنڈ  وائی ایم سی اے (ینگ مین کرسچیئن ایسوسی ایشن) قبضہ مافیا سے خالی ہوا تو سترہ سال کے طویل وقفے کے بعد وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں  بھی دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔

وائی ایم سی اے گراؤنڈ سے اولمپئنز سہیل عباس، منصوراحمد مرحوم اور شاہد علی خان جیسے مایہ ناز کھلاڑی پاکستان ہاکی کو ملے۔گراؤنڈ کو سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی سٹی ہاکی ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنرساؤتھ کی کوششوں سے خالی کرایا گیا۔

سٹی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین کا کہنا ہےکہ  گراؤنڈ خالی کرانے کے باوجود پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیکریٹری اسپورٹس وائی ایم سی اے بابرپال کا کہناہے کہ  17 سال میں اس گراؤنڈ کا حال خراب ہوگیا ہے لیکن محدود وسائل کے باوجود کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

وائی ایم سی اے کے اسسٹنٹ سیکریٹری پاسٹر ولیمز کا کہنا ہے کہ قابضین نے گراؤنڈ کو بہت نقصان پہنچایا ہم اسے اصل شکل میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

کراچی سٹی ہاکی ایسوسی ایشنز کےعلاوہ کھیلوں کی دیگر ایسوسی ایشنز سے وابستہ افراد نےتاریخی اور قدیم گراؤنڈ میں سترہ سال بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ہاکی کیلئے فنڈنہیں ہے،وفاقی حکومت نے ہاتھ کھڑے کردیے


متعلقہ خبریں