’پاکستان کے فیوچر سے کھیلنے والوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ‘

فردوس عاشق اعوان کیخلاف نازیبا الفاظ، مقدمے کیلئے درخواست دائر

فائل فوٹو


وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کا اپنی صفوں میں بغاوت کااعتراف ن لیگ کے سیاسی مورچے میں واضح شگاف کا ثبوت ہے۔پاکستان کے فیوچر سے کھیلنے والوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات ن لیگی قیادت کی آمرانہ سوچ، شاہانہ مزاج اور سیاسی لمیٹڈ کمپنی کے خلاف بغاوت ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ ارکان موروثی غلامی کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ن  لیگ کے پاس نہ تو کوئی بیانیہ ہے اور نہ ہی قیادت، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کا رونا رونے والوں کے منہ سے سے مڈٹرم انتخابات کی بات کون سی جمہوریت ہے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے، مغلیہ شاہی خاندان کے خلاف علم بغاوت کا مطلب نئے پاکستان کے قافلے، نظریے اور قیادت پر اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو دنوں سے حکومتی ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں فارورڈ بلاک کے دعوے  شروع کر دیئے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید  نے کہا ہے کہ 9 ایم این اے اُڑنے کو تیار ہیں جنکی تعداد 20 تک جا سکتی  ہے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور  کا کہنا ہے کہ  کوئی رکن اسمبلی اپنی پارٹی سے اختلاف کرتا ہے، تو اس میں کیا اعتراض ہے؟ملاقات میں ارکان کے استعفوں کی بات نہیں ہوئی۔ کوئی اپنی پارٹی چھوڑے بغیر دوسری جماعت میں شامل ہو تو نااہل ہو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی فواد چودھری نے تو پیپلزپارٹی سندھ میں بھی فارورڈ بلاک کا دعویٰ کردیاہے۔ 

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ہم نیوز کے پروام پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں دعویٰ کیا کہ بنی گالا میں وزیر اعظم سے ملاقات میں ن لیگ کیساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے:پی پی پی اور ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن سکتا ہے، غلام سرور

فواد چوہدری نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے 19 ایم پی اے گورنر سندھ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔ جب سندھ میں تبدیلی لانا ہوئی گورنر کو گرین سگنل دے دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں