وزیراعظم کی حزب اختلاف کے ساتھ میثاق معیشت کی منظوری

عمران خان نے حزب اختلاف کے ساتھ میثاق معیشت کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حزب اختلاف کے ساتھ میثاق معیشت کی منظوری دے دی ہے۔

ہم نیوز نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ساتھ وزیراعظم  کی ملاقات کی اندرونی کہانی حاصل کر لی ہے، ذرائع کے مطابق ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے میثاق معیشت کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس اعلی سطحی پارلیمانی کمیٹی کے متعلق اسپیکر اسمبلی سے مشاورت کی ہے، میثاق معیشت کمیٹی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

میثاق معیشت کمیٹی بنانے کا مقصد یہ ہے کہ اس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما ملکی معیشت میں بہتری کے لئے تجاویز دے سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس:ایوان میں میثاق معیشت کے تذکرے

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پارلیمنٹ میں جمہوری اور اخلاقی اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ایوان کے تمام اراکین برابر ہیں، پاکستان کے عوام کی نظریں ہم پر لگی ہیں، قانون سازی کے ایجنڈے میں پیش رفت ضروری ہے۔

واضح رہے کہ کمیٹی کے قیام کی تجویز حزب اختلاف کی جماعتوں نے دی تھی، شہباز شریف نے 19 جون کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش کش کی تھی کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ میثاق معیشت کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر اسپیکر اسمبلی نے بھی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کو یقین دہائی کرائی تھی کہ وہ اس حوالے سے حکومت سے بات کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں