’بھارت سے جیتنے کیلئے فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا‘


لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم روایتی حریف بھارت کو شکست دینا چاہتی ہے تو فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔

گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف گرین شرٹس کی فیلڈنگ انتہائی ناقص تھی جس کے دوران کھلاڑیوں نے اوور تھروز کیں جبکہ ایرون فنچ کا فرسٹ سلپ پر آسان کیچ آصف علی نے ڈراپ کردیا۔

آسٹریلوی کپتان نے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور سنچری اسکور کرنے والے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر 146 رنز کی شراکت قائم کی جس نے آسٹریلیا کے 307 رنز کے مجموعے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: ’آسٹریلیا نے میچ نہیں جیتا بلکہ پاکستان نے ہارا ہے‘

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا کہ جب دو اچھی ٹیم مدمقابل ہوتی ہیں تو فیلڈنگ سے بڑا فرق پڑتا ہے اور ہم نے بہت غلطیاں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ورلڈ کپ کے دوران بڑی ٹیموں کو ہرانا چاہتے ہیں تو ایسی غلطیاں نہیں کرسکتے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری فیلڈنگ بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں اور بھارت کے خلاف میچ سے قبل ہم اس پر بھرپور محنت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے اور اگر ہم فیلڈ پر اسی طرح غلطیاں کرتے رہے تو میچ جیتنے کا موقع گنوا بیٹھیں گے۔


متعلقہ خبریں