اسٹارک کی عمدہ گیند بازی، آسٹریلیا فتح یاب


ناٹھنگم: کرکٹ کے عالمی کپ کے 10ویں میچ میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے 289 رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا سکی۔

کینگروز کے مایہ ناز گیند باز مچل اسٹارک نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ نے 68, کپتان جیسن ہولڈر51 اور پوران 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نوٹنگھم کے میدان میںویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،  آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 288 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

ابتدائی پانچ وکٹیں جلد گر جانے کے بعد اسٹیو اسمتھ اور کولٹر نائل نے ٹیم کو سنبھالا دیا دوںوں کھلاڑیوں کے مابین 108 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے تھومس، کوٹریل اور آنڈرے رسل کی تیز گیند بازی کے آگے آسٹریلوی بلے باز مشکلات میں دکھائی دیئے، کینگروز کی جانب سے کولٹر نائل نے 92، اسمتھ 73 کپتان ایرون فنچ 6، ڈیوڈ وارنر 3 ، عثمان خواجہ 13 جبکہ میکس ویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے بریتھ ویٹ نے تین جبکہ کوٹریل ، رسل اور تھومس نے دو دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اب تک ایک ایک میچ کھیلا ہے اور دونوں نے فتح حاصل کی تھی۔

اس وقت عالمی کپ کی پوائنٹس ٹیبل میں ویسٹ انڈیز دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز نے اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلا تھا اور باآسانی اسے جیت لیا تھا۔

پاکستانی ٹیم پہلے بلے بازی کرتی ہوئے 105 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، ویسٹ انڈیز نے یہ اسکور 14ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

آسٹریلیا کو بھی افغانستان کے خلاف اپنے پہلے میچ میں فتح حاصل کرنے میں زیادہ دشواری نہیں ہوئی تھی۔

افغانستان کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کی اور 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، آسٹریلیا نے جیت کے لیے مطلوبہ ہدف 35ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔


متعلقہ خبریں