ملتان: ائرپورٹ عملے نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی

ملتان: ائرپورٹ عملے نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی

فوٹو: فائل


ملتان: ائرپورٹ عملے نے خاتون کا لاپتہ ہونے والا سونے کا قیمتی ہار واپس لوٹا دیا۔

پنجاب کے شہر ملتان کے ائرپورٹ عملے نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔ ائر پورٹ پر شارجہ جانے والی خاتون کے گلے سے سونے کا قیمتی ہار گر گیا تھا جسے ائر پورٹ عملے نے معلوم ہونے پر آمنہ رشید نامی خاتون کو واپس لوٹا دیا۔

قیمتی ہار واپس ملنے پر خاتون آمنہ رشید نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ائرپورٹ عملے کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں قومی ائر لائن :جہازوں کیلئے انجن آئل نایاب ہوگیا

اس سے قبل جدہ سے ملتان آنے والی نجی لائن ائربلیو کی پرواز پی اے 871 مسافروں کا سامان چھوڑ آئی۔ پرواز ملتان پہنچی تو 50 سے زائد مسافروں کا سامان غائب تھا۔ مسافروں نے ائرپورٹ پر نجی ائر لائن کے خلاف احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔

مسافروں کے احتجاج پر ائر لائن انتظامیہ نے متاثرین کو اگلی پرواز کے ذریعے سامان واپس لانے کی یقین دہانی کرائی۔

اس سے قبل گزشتہ سال ملتان میں ہی ریلوے پولیس نے مسافر کو اس کا کھویا ہوا قینتی سامان لوٹا کر ایمانداری کی مثال قائم کر دی تھی۔

کراچی سے ملتان آنے والی ٹرین میں مسافر اپنا بیگ بھول گیا تھا جس میں 4 تولے سونا اور 4 تولے چاندی سمیت دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔

ریلوے پولیس نے قمیتی بیگ ملنے پر تحویل میں لیا اور مسافر کی تلاش کے بعد وہ سامان مسافر سلمان شاہ کے حوالے کر دیا تھا۔

بیگ کے مالک سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس کی بھر پور مدد کی اور تمام سامان بحفاظت ان کے حوالے کر دیا جس پر وہ پولیس اور تمام محکمے کے بے حد مشکور ہیں۔

اس سے قبل بھی ایسی کئی مثالیں دیکھنے کو ملی ہیں جن میں ریلوے پولیس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافروں کا قیمتی سامان بحفاظت ان تک پہنچایا۔


متعلقہ خبریں