فوج کے سزا یافتہ افسران جیل منتقل، آئی ایس پی آر

فوج کے سزا یافتہ افسران جیل منتقل، آئی ایس پی آر

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق کورٹ مارشل کے ذریعے سزا پانے والے تینوں افسران کو سول جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کی خبر کے 24 گھنٹے بعد ہفتے کی شب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات اور جرائم کی تصدیق کے فوری بعد فوجی افسروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور ٹرائل کے دوران بھی ملزمان زیر حراست تھے۔

خیال رہے کہ ہم نیوز نے ایک روز قبل ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر گردش کرنے والی ان تمام خبروں کی تردید کی تھی جن میں کہا جارہا تھا کہ سزا پانے والے فوجی افسران پاکستان سے باہر ہیں۔

انتہائی اہم ذرائع نے بتایا تھا کہ تینوں افسران سماعت کے دوران بھی زیر حراست تھے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 30 مئی کو دو فوجی اور ایک سول افسر پر جاسوسی کا الزام ثابت ہونے پر انھیں دی گئی قید اور موت کی سزاؤں کی توثیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے فوجی افسروں کی سزاؤں کی توثیق کر دی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال (ر) کو 14 سال قید جبکہ بریگیڈیئر (ر) راجا رضوان کو سزائے موت سنائی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ڈاکٹر وسیم اکرم کو بھی سزائے موت سنائی گئی، یہ افسران غیر ملکی ایجنسیوں کو حساس معلومات افشا کیا کرتے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران مختلف رینک کے 400 افسران کو سزائیں دی گئیں، ان میں سے بیشتر کو ملازمت سے بھی برخاست کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں