وزیراعظم کی افغان، مصری صدر سے ملاقاتیں


ریاض: وزیراعظم عمران خان کی افغان صدر اشرف غنی اور مصر کے صدرعبدالفتح السیسی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور خطے میں امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

حکومت پاکستان کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق عمران خان اور اشرف غنی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے  پرامن اور مستحکم افغانستان کے عزم کو دہرایا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے سیاسی حل کے لیے صرف افغانوں کی شمولیت والا امن عمل ناگزیر ہے۔

عمران خان نے جنوبی ایشیا کی ترقی پر اپنا نقطہ نظر بھی پیش کیا۔ دونوں رہنماوں کا سیکیورٹی تجارت اور انرجی سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا

ذرائع کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن چاہتا ہے، افغانستان میں امن سے خطے کا امن جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیہ ملک میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی مصر کے صدرعبدالفتح السیسی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تفصیل غور کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جامع تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کی ملاقاتیں سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہوئی جہاں مختلف مسلمان ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں