منی لانڈرنگ:بانی ایم کیوایم اور دیگر کے خلاف مقدمہ اسلام آباد منتقل


کراچی کی انسداد دہشتگردی (اے ٹی سی ) عدالت نے بانی ایم کیو ایم اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق کیس  اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دے دیاہے۔

کراچی کی انسدادہشتگردی عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت پر حکم جاری کیا، کیس کی آئندہ سماعت 19 جولائی کو انسداد دہشتگردی (اے ٹی سی)عدالت اسلام اباد میں ہوگی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمہ منتقلی کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت کی طرف سے ایم آئی ٹی کو خط لکھ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مقدمہ منتقلی کے حوالے سے ہدایت  طلب کی تھی۔

واضح رہے کہ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نمبر دو کو وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کی جانب سے کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا لیٹر لکھا گیا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے محکمہ داخلہ کو لکھا تھا کہ بانی ایم کیو ایم اور دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام اباد منتقل کیا جائے۔

ایف آئی اے کا موقف تھا کہ منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ آنے پر حالات بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ کراچی میں کیس کی پیروی کرنے والے سرکاری وکلا بھی دباؤ میں ہیں۔

کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر احمد علی کی 20 لاکھ  روپے کے مچلکوں کے عوض  ضمانت منظور کی تھی۔

مقدمے میں بانی ایم کیو ایم،بابر غوری،طارق میر،خواجہ ریحان منصور،سہیل منصور،ارشد وہرہ اور دیگر ملزمان مفرور ہیں۔

عدالت نے بانی ایم کیو ایم،بابر غوری اور دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

بانی ایم کیو ایم اور دیگر ملزمان کے خلاف سرفراز مرچنٹ کی شکایت پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:منی لانڈرنگ کیس، کے کے ایف کی 48 گاڑیاں مشکوک قرار

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پرخدمت خلق فاؤنڈیشن ( کے کے ایف) کے ذریعےمنی لانڈرنگ کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں