وظیفے کی عدم ادائیگی:150سے زائد طلبہ چین میں پھنس گئے

وظیفے کی عدم ادائیگی:150سے زائد طلبہ چین میں پھنس گئے

ملتان: پنجاب کی سابقہ حکومت سے اسکالر شپ حاصل کرنے والے 150سے زائد طلبہ موجودہ حکومت کی طرف سے وظیفہ روکے جانے کی وجہ سے چین میں پھنس گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین میں پھنس کر رہ جانیوالے والے اثر طلبہ کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے ۔ جنوبی پنجاب سے اسکالر شپ پر جانیوالے والے طلبہ کا تعلق ملتان ، مظفر گڑھ ڈیرہ غازی خان اور لیہ سمیت دیگر اضلاع سے ہے۔

ذرائع کے مطابق چین کے شہروں بیجنگ اور شنگھائی میں زیر تعلیم طلبہ بہت پریشان ہیں اور نوبت فاقوں تک آگئی ہے۔

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے وزیراعلی پنجاب اور وزیراعظم عمران خان سے وظیفہ جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ پنجاب کی سابقہ حکومت نے ان طلبہ کو لینگویج کورس کے لیے چین بھیجا تھا۔

دوسری طرف آج وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبے کے اقلیتی طلبہ نے ملاقات کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اقلیتی طلبہ میں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ نے 18 اقلیتی طلبہ میں  مجموعی طور پر8 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت 879اقلیتی  طلبہ میں مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ روپے اسکالرشپ کے طور پر  تقسیم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان نئی امیدوں اور امنگوں کا ترجمان ہے۔ پاکستان کے باصلاحیت طلبا و طالبات نے تبدیلی کے سفر میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت باصلاحیت طلبا و طالبات کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور ترقی کے برابر کے مواقع حاصل ہیں۔اقلیتی طلبا و طالبات کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے ہر طرح کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔باصلاحیت اور ہونہار طلبا و طالبات پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔

پنجاب کے صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجازعالم نے اس موقع پر  کہا کہ اقلیتی طلبا و طالبات کو سکالرشپ کی فراہمی پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے۔اقلیتی طلبا و طالبات نے تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی طلبا و طالبات کو ہر طرح کی سہولتیں دے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے رہائشی طلبہ  تبریز قمر، امبروزانتھونے گل،نصیر کاوش، اشعر اکرم، اسد عابد، ابھیشا شاہزیب جان، سائمن نبیل اور طالبات شیریل آصف، ماہا مقصود، مشعل ریاض، انیلہ جارج، زیرش سرفراز،فضیلہ سردار،استر نذیر، صائمہ نذیر کو اسکالرشپ کے چیک دیئے۔

وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ کے رہائشی طالب علم سمران اقبال، ارسلان لیاقت اور ننکانہ صاحب کے رہائشی طالب علم گورجیت سنگھ میں بھی سکالرشپ کے چیک تقسیم کیے۔

صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم، سیکرٹری اقلیتی امور و انسانی حقوق اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


متعلقہ خبریں