پنجاب حکومت کے آئندہ چار سال کے ترقیاتی اہداف

سی پیک منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

پنجاب حکومت نے آئندہ چار سال کے ترقیاتی اہداف کو پورا کرنے کے لیے پنجاب گروتھ اسٹریٹیجی(بڑھوتری کی حکمت عملی) 2023 لانچ کر دی ہے، نئی پالیسی کے تحت ترقی کی شرح کا ہدف چھ اعشاریہ پانچ فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ بیروزگاری میں  آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد کمی لائی جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب گروتھ اسٹریٹیجی 2023 لانچ کی ۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی مشاورت سے تیار کردہ پنجاب گروتھ سٹریٹیجی میں صوبائی حکومت کی پالیسیز اور ترجیحات شامل ہیں۔ اسٹریٹیجی میں آبی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔

پنجاب گروتھ اسٹریٹیجی میں زراعت کے شعبے کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے، زرعی پیداوار میں اضافے اور عدم استحکام کی کمی کے اہداف کو شامل کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کی طرف سے تیار کی گئی چار سالہ اسٹریٹیجی کے مطابق زراعت کے شعبے میں سالانہ چار فیصد، صنعتی پیداوار میں پانچ اعشاریہ پانچ فیصد اور سروسز سیکٹر میں پانچ فیصد شرح مقرر کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے آئندہ چار سال میں تیس لاکھ نئے گھر بنانے، غربت میں چھ فیصد کمی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو تین اعشاریہ دو ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں صرف 23 ارب 80 کروڑ روپے کے اضافے کی تجویز

اسٹریٹیجی میں 2023 تک ترقی کی شرح کا ہدف چھ اعشاریہ پانچ فیصد مقرر گیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں صرف 23 ارب 80 کروڑ کا اضافہ کرنے کی تجویز دی ہےاورنئے مالی سال میں پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 261 ارب 80 کروڑ رکھنے کی سفارشات تیار کی گئی ہیں۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال 2019-20 کیلئے مختلف محکموں کی بجٹ سفارشات تیار ہوگئی ہیں۔مختلف محکموں کی بجٹ تجاویز محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو موصول ہوگئی ہیں۔ حتمی منظوری ایوان وزیر اعلی میں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دہائیوں سے پنجاب کی عوام پر مسلط استحصالی نظام اور شخصیت پرستی کا خاتمہ عمران خان کی جدوجہد سے ممکن ہوا۔

شہباز شریف کی کارکردگی ٹی وی ہیڈ لائنز اور اخبارات کے اشتہارات تک محدود تھی۔گروتھ اسٹریٹجی 2023 سے ترقی کے ثمرات صوبے کےہر شہری تک پہنچیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گروتھ اسٹریٹجی 2023 وزیراعظم کے مشن اور وژن کی تکمیل کی جانب اہم اقدام ہے۔صوبے میں غربت کی سطح کم کرنے، پسماندہ علاقوں، زراعت کی ترقی، بے روزگاری کا خاتمہ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت تعلیم اور صحت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں