’عمران خان 18، 19 سال کے نوجوان کی طرح باتیں کرتے ہیں‘


اسلام آباد: سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ  پاکستانی سیاست میں جتنی گندگی عمران خان اور پاکستان تحریک لے کر آئی ہے پاکستان کی تاریخ میں کسی نے ایسا نہیں کیا۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک چیز تو طے ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی نااہل حکومت نہیں آئی اور اس کے سب سے بڑے چیمپئن عمران خان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل دعوے کیے گئے تھے کہ یہاں سے گیس نکل آئے گی اور منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجے گئے دس ارب ڈالر واپس لائے جائیں گے لیکن ان دعوؤں کا کچھ نہیں ہوا۔

محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان 18، 19 سال کے نوجوان کی طرح باتیں کرتے ہیں، ان کی وجہ سے معیشت کی بہت تباہی ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں: ’اسد عمر ہمیں آپ سے زیادہ پیارے ہیں‘

انہوں نے بتایا کہ اب تک گیارہ لاکھ افراد نوکریوں سے نکالے جاچکے ہیں جبکہ براہ راست سرمایہ کاری بہت کم ہوگئی ہے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔

پروگرام کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی پی پی پی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوری سیاسی قیادت کو جمع کیا ہے، اگلے مرحلے میں کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت مخالف مہم سڑکوں پر ہوگی یا پارلیمینٹ میں یہ ساری باتیں آگے طے ہونی ہیں۔

وفاق کی جانب سے سندھ کے تین بڑے اسپتالوں کے امور سنبھالنے کے معاملے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے کامیاب ترین منصوبوں پر سرجیکل اسٹرائیک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی پر سندھ حکومت نے اربوں روپے خرچ کیے تھے۔

نفیسہ شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ووٹ لیکر آئے ہیں لیکن کام نہیں کرنے دیا جارہا، نہ روڈ بن رہے ہیں نہ اسپتال، اس نہج پر تحریک انصاف ملک کو لے آئی ہے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پی پی پی کو چار مرتبہ موقع ملا اور وہ اپنا آئیڈیل نہیں کرپائی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو ایشین ٹائگر بنانے چاہتے تھے تاہم پاکستان کو ایشین بھکاری بنا گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اگر سڑکوں پر نکل کر جلاؤ گھیراؤ کرنا چاہتی ہے تو کرلے تاہم اگر پارلیمان کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں تو عدم اعتماد کی تحریک  لائیں، یہ آپ کا جمہوری حق ہے۔

علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ اور مریم نواز کو سڑکوں پر نکلنے کو شوقع ہے تاہم کیا آپ سمجھتے ہیں کہ عوام آپ پر اعتماد کا اظہار کرے گی؟


متعلقہ خبریں