امریکہ نے مبینہ دہشتگرد پاکستان کے حوالے کردیا


امریکہ کی طرف سے  مبینہ دہشت گرد کو پاکستان کے حوالے کیے جانے کا انکشاف ہواہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرزادہ خواجہ عبدالحمید چشتی  نامی مبینہ دہشت گرد کو 2014میں اسپین سے گرفتار کیا گیا تھا۔ امریکہ نے دیگر جرائم میں ملوث 50پاکستانیوں کو بھی ڈی پورٹ کیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ  اسپین سے حمید چشتی کے ساتھ ایک اور دہشتگرد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ حمید چشتی کے ساتھ گرفتار ہونے والا وہاب چشتی نامی مبینہ دہشتگرد امریکہ کی تحویل میں ہے ۔

حمید چشتی کو اسپین سے گرفتار کرکے امریکہ لے جایا گیا تھا اور اس پر امریکہ میں منشیات ، اسلحہ اسمگل کرنے اوردہشت گرد گروہوں کو اسلحہ سپلائی  کرنے کا الزام تھا۔

ذرائع کے مطابق امریکی عدالتوں میں حمید چشتی اور وہاب چشتی کے خلاف تین سال تک مقدمات چلے۔حمید چشتی کو چار سال کے بعد گزشتہ روز ڈی پورٹ کردیا گیا اور اسے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے )نے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے ۔ حمید چشتی سےدہشت گردی میں ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

حمید چشتی سمیت دیگر 50پاکستانی بھی امریکہ سے ڈی پورٹ کیے گئے ہیں۔ ہم نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ تمام پاکستانی مختلف جرائم میں ملوث تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ  ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی امریکہ سے 50پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کی تصدیق کی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے:بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ بنادیا ہے،پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ   50پاکستانی امریکہ سے ڈی پورٹ ہوئے۔ڈی پورٹ ہونے والوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان لایا گیا۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں  کہا  تھا کہ کل 70 غیرقانونی پاکستانی امریکہ سے واپس پاکستان آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان پر امریکہ نے ویزہ پابندی نہیں لگائی، وزیرخارجہ

انہوں نے کہا کہ کچھ پاکستانی ستر اور اسی کی دہائی میں امریکہ گئے  تھے ۔مینیول پاسپورٹس ہونے کے باعث تصدیق کا عمل سست روی کا شکار ہوا ۔ امریکی ویزے کے حوالے سے امریکہ سے باہمی تعاون چاہتے ہیں۔ امریکہ نے ملٹی پل ویزے کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں کی ہیں اس پر بات چیت جاری ہے۔


متعلقہ خبریں