فیصل آباد: پاکستان میں چینی باشندوں کی غیرقانونی شادیاں کرانے والے گروہ کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مفرور سرغنہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق گرفتار ملزمان میں چینی خاتون کینڈس، دلہا چانگ شو، پادری زاہد، ایجنٹ کاشف نواز اور سنیل یوسف شامل ہیں۔
تمام ملزمان کیخلاف گوجرانوالا کے مشتاق مسیح کی مدعیت میں چار دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
ایف آئی آر میں سرغنہ انس ، چینی خاتون کینڈس ، پادری زاہد ، چینی دلہا چانگ شو سمیت نو ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ملزمان نے مشتاق مسیح کی بیٹی شمیم کو چین لے جانے کا جھانسہ دے کر شادی پر آمادہ کیا تھا، مفرور سرغنہ اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتاری کے بعد پادری زاہد سے جعلی سرٹیفکیٹ اور نکاح کی جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ گروہ لڑکیوں کو چین لے جا کر غیراخلاقی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرتا اور ان کے اعضا فروخت کرتا تھا، انکار پر لڑکیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
مقدمے کے مدعی مشتاق مسیح کے مطابق گینگ 1200 لڑکیوں کو جعلی شادی کے ذریعے چین بھجوا چکا ہے۔