ن لیگ کا پنجاب کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


لاہور: مرکز اور صوبہ پنجاب میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نہ بنانےکے معاملے پر قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کی زیر صدارت ہونے والے مسلم لیگ ن اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ  قائمہ کمیٹیوں کے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کروائے جائیں گے اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز جب چاہیں گے استعفے اسپیکر پنجاب اسمبلی جمع کروا دیں گے۔

مسلم لیگ ن نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے لیے ہونے والی قانون سازی کی بھرپور مخالفت کا بھی فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں  پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں شریک ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو بلڈوزکرنا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے اور حکومت کے عوام دشمنی رویے کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت  آج صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں میں 2 آرڈینینس اور 5 بلز ایوان میں پیش کرنے جارہی ہے۔

پنجاب پروینشل ایمپلائز سوشل سکیورٹی ترمیمی آرڈینینس 2019 اور زکوۃ و عشر ترمیمی آرڈینینس 2019 ٹیبل کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت آج اجلاس میں لوکل گورنمنٹ بل 2019، ویلج پنچایت اینڈ نیبرہڈ کونسل بل 2019، مینیمم ویجز بل 2019، آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن بل 2019 اور اینیمل ہیلتھ بل منظوری کیلئے پیش کرے گی۔


متعلقہ خبریں