پاک بحریہ نے بحرین میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ سنبھال لی


اسلام آباد: پاک بحریہ نے رائل کینیڈین نیوی سے کثیرالقومی کمبائنڈ میری ٹائم ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ سنبھال لی۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے ایک اعلامیے میں بتایا کہ تبدیلی کمانڈ کی یہ پر وقار تقریب بحرین میں واقع یو ایس نیو سینٹ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

رائل کینیڈین نیوی کے کموڈور ڈیرن گارنئیر نے سی ٹی ایف 150 کی کمانڈ پاک بحریہ کے کموڈور علویر احمد نور کے حوالے کی۔

تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں کمانڈ ر یو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈ، کمانڈریو ایس ففتھ فلیٹ اور کمانڈرکمبائنڈ میری ٹائم فورسز نے شرکت کی۔

مزید برآں، کمانڈر کینیڈین جوائنٹ آپریشنز کمانڈ، کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز ، پاکستان اور کینیڈا کے سفارت خانے کے نمائندگان اور دیگر بحری افواج کے سینئر آفیسرز بھی شریک تھے۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے نئے کمانڈر کموڈور علویر احمد نور نے یقین دلایا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کیلئے تیار ہیں۔ آپ نے سابقہ کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس کی اپنے کمانڈ کے دوران مقرر کردہ مقاصد کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور ایسی ہی کوششوں کے ساتھ آئندہ آپریشنز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آپ نے پاک بحریہ اور اتحادی بحری افواج کے مابین خوشگوار تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ وقت کے ساتھ خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کا حصہ ہونے کی وجہ سے تعلقات کو مزید تقویت مل رہی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کو اس کمانڈ سے پہلے دس مرتبہ ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے جو اتحادی بحری افواج کا پاک بحریہ پر اعتماد کا مظہر ہے۔

سالہا سال، پاکستان کے بحری مفاد کی حفاظت کرتے ہوئے پاک بحریہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں بین الاقوامی اتحادی آپریشنز میں بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ایف 150 تین ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے جو کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) کے زیر نگرانی اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کارروائیوں اور غیر قانونی سر گر میوں کی روک تھام کرتے ہوئے بحری سکیورٹی کو یقینی بنانا کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے مشن میں شامل ہے۔سی ایم ایف بحری دہشت گردی کے خلاف آپریشن انڈیورنگ فریڈم (او سی ایف ) کی حمایت میں بنایا گیا کثیرالقوی اتحاد ہےجس کا مشن سمندر میں کی گئی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی اور دہشت گردی کے خلاف میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔


متعلقہ خبریں