فاٹا میں پی ٹی آئی حکومت بننے پر فضل الرحمن پریشان ہیں، شیخ رشید


راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فاٹا میں تحریک انصاف کہ حکومت بننے پر فضل الرحمن پریشان ہیں، آصف زرداری اور حمزہ شہباز کے پیسے نکل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں جمیعت القریش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام میں رہنا چاہتا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف نے جو لوٹا ہے حکومت اس کا سود 7 ارب روپے ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوؤں نے خزانے کو بہت لوٹا ہے۔ اب اگلے دو سے تین مہینے انتہائی اہم ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کا فالودے والا اور شہباز شریف کا ہتھوڑے والا اندر سے ایک ہی نکلے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر دوائی، پٹرول اور گیس مہنگا ہوسکتا ہے تو گوشت مہنگا ہونے سے قیامت نہیں آ جائے گی۔ سلاٹر ہاؤس کے لیے کم شرح سود پر قرضہ دلواؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں یونیورسٹی کے لیے پہلی بار وزیر خزانہ اسد عمر کے پاس گیا، ہماری بچیاں تو پڑھ رہی ہیں لیکن بچے نالائق ہیں۔ ہماری شناخت تعلیم ہونی چاہیے جوا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں انگریزوں نے غلامی کی برانچیں رکھیں وہاں میں نے تعلیم کی بنیاد رکھی۔ 12 اپریل کو وزیر اعلی پوسٹ گریجویٹ کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیں گے۔

ایم ایل ون سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون کے منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ لوگ ریل کی پٹریوں کے پاس مسجدیں نہ بنائیں ہم اُن کو متبادل جگہ فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں ٰحمزہ اور مریم میں سیاسی اختلاف ہوچکا ہے، شیخ رشید کا دعوی

فاٹا میں انتخابات سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ فاٹا میں انتخابات ہو رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی واضح کامیابی پر مولانا فضل الرحمان انتہائی پریشان ہیں۔

میرا عمران خان کے ساتھ وزارت کے حوالے سے کوئی تعلق نہیں، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ میں نے شہباز شریف کو خود این آر او کو مانگتے سنا ہے جب کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس انتہائی سیریس ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو اسد عمر نے دو ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔

پاک بھارت تعلقات پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے، اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات جیتا تو پاکستان اور بھارت کے تعلقات اچھے ہوں گے۔

شیخ رشید شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں، مرتضی وہاب 

شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں پیپلزپارٹی کے رہنما مرتضی وہاب کی طرف سے بھی بیان جاری کیا گیاہے۔
مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شیخ رشید اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ وزارت ریلوے تو شیخ رشید سے سنبھالی نہیں جارہی بس باتیں کررہے ہیں۔ اگر پچھلی حکومتوں میں لوٹ مار ہوئی تو شیخ رشید بھی برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی کوئی بات بھی قابلِ بھروسہ نہیں۔ شیخ رشید تحریک انصاف کے غم میں کیوں دبلے ہوئے جارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی پر تنقید کرکے شیخ رشید اپنی اوقات بتا رہے ہیں۔

مرتضی وہاب نے کہا شیخ رشید شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شیخ رشید عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں ۔ کبھی مہنگی ادویات کے بارے میں بھی شیخ رشید اپنی لن ترانی کریں ۔ معیشت پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کے لب سل جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں