ماڈل گرل ایان علی کا کیس داخل دفتر

ماڈل گرل ایان علی کا کیس داخل دفتر

فائل فوٹو


راولپنڈی:  کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کیخلاف کیس داخل دفتر کردیا ہے۔

کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ عدالت نے بیان قلمبند کرنے کے بعد ایان علی کے خلاف کیس داخل دفتر کیا۔

عدالت نے ماڈل گرل ایان علی کیخلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو بھی لیٹر جاری کردیا ہے۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزمہ جب بھی پاکستان واپس آئے گی اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔اسپیشل پراسیکیوٹر کسٹمز امین فیروز کا کہنا تھا کہ ریڈوارنٹ کے لئے قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایان علی کیس: ضامن اور گواہ پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری ہوں گے، عدالت

عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ اگر ضامن اور گواہان پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔ کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے پانچ بار وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔ 9 مارچ 2019 کو عدالت نے ملزمہ کو اشتہاری بھی قرار دیا تھا۔ایان علی نے 12 مارچ 2019 کو وارنٹ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن عدالت نے درخواست مسترد کردی تھی۔

یاد رہے کہ ماڈل گرل ایان علی کو کرنسی اسمگلنگ کیس میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ  5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز دبئی منتقل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ملزمہ کو پکڑنے والے کسٹم آفیسر کو قتل کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں