کوئٹہ: پاکستان سپرلیگ فور کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شائقین کرکٹ نے شانداراستقبال کیا ہے۔
پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی فاتح ٹیم وزیراعلیٰ بلوچستان کی دعوت پر خصوصی طور پر کوئٹہ پہنچی جہاں کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں کھلاڑیوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
گلیڈی ایٹرز کی جیتی گئی ٹرافی کو جب شہر کے مختلف علاقوں میں لے جایا گیا تو اسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، لوگوں نے ٹرافی جیتنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی۔
شائقین کرکٹ نے کھلاریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان پر پھول نچھاور کیے، جبکہ اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھی پی ایس ایل کے گانے پر خوب مستی کی اور شہریوں کے ساتھ انہوں نے بھی سلفیاں بنائیں۔
کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز فرنچائز کے مالک ندیم عمر نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو ٹیم کی جرسی پیش کی جس پر ان کا نام لکھا تھا، وزیراعلیٰ کو سرفراز احمد کا دستخط شدہ کرکٹ بیٹ بھی تحفے میں دیا گیا۔
اس موقع پرکمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، انہوں نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی پر ان کا حوصلہ بڑھایا۔
اس سے قبل جب گزشتہ رات فاتح ٹیم کراچی سے کوئٹہ پہنچی تھی تو ائیرپورٹ پر پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
اس موقع پر سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئٹہ کے شہریوں کے ساتھ جیت کی خوشی منانے آئے ہیں۔
کپتان سرفراز احمد نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ میچ ملک کے ہر شہر میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کا خواب تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیت کر کوئٹہ آئیں اور آج یہ خواب پورا ہو گیا ہے۔
واضح ہے17 مارچ کو گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کے فائنل میچ میں پشاور زلمی کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔