جنگ ستمبر کے ہیرو، ’لٹل ڈریگن‘ کی چھٹی برسی

جنگ ستمبر کے ہیرو، ’لٹل ڈریگن‘ کی چھٹی برسی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کے بہادر سپوت اور قومی ہیرو محمد محمود عالم(ایم ایم عالم) کی آج چھٹی برسی منائی جارہی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے قومی ہیروکی چھٹی برسی پر ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایم ایم عالم نے 1965 کی جنگ میں ایک منٹ کے دوران دشمن کے 5طیارے مارگرائے تھے۔ ایم ایم عالم کی مہارت اورپیشہ وارانہ کردار فضائیہ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جنگ ستمبر 1965 میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا لیکن جو اعزاز پاک فضائیہ کے محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) کے حصہ میں آیا وہ دنیا کی تاریخ میں کسی کو نصیب نہیں ہوا۔

ایم ایم عالم نے سرگودھا کے محاذ پر ایک منٹ میں بھارت کے 5 طیارے مار گرا کر عالمی ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے جنگ ستمبر میں مجموعی طور پر دشمن کے 9 طیارے گرائے تھے۔ ان کو 2 ستارہ جرات بھی عطا کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے اس سپوت کو غیر معمولی جنگی ہوائی مہارتوں کی بنا پر فالکن اور لٹل ڈریگن جیسے القابات سے نوازا گیا۔

6 جولائی 1935 کو برصغیر کے شہر کلکتہ میں پیدا ہونے والے ایم ایم عالم نے 1952 میں پاکستان ائیر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔ ایم ایم عالم 1982 میں ائیر کموڈور کے عہدے پر ریٹائر ہوئے اور 18 مارچ 2013 کو 78 برس کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔

جنگی طیارے ایف 86 سے ناممکن کو ممکن بنانے والے ایم ایم عالم کو وطن عزیز کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ’ستارہ جرات‘ سے نوازا گیا۔ لاہور میں ایک روڈ بھی قومی ہیرو ایم ایم عالم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں