پی کے -30 میں انتخاب: پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا


خیبرپختونخوا: مانسہرہ کے حلقہ پی کے – 30 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار احمد حسین شاہ  ضمنی انتخاب میں 47695 ووٹ حاصل کرکے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پہلے نمبر پر رہے ہیں۔

غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار مظہر قاسم 39683 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

ہم نیوز کو علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدوار مظہرعلی  قاسم اور پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی امیدوار سید احمد حسین شاہ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے طے شدہ شیڈول کے مطابق پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوکر شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق وہ رائے دہندگان جو پولنگ اسٹیشنوں کی حدود میں شام پانچ بجے سے پہلے داخل ہوگئے تھے انہیں وقت گزرنے کے بعد بھی حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق دیا گیا۔

پی کے – 30 میں 186 پولنگ اسٹیشنوں پر ایک لاکھ 93 ہزار830 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ ضمنی انتخاب کے لیے 53 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 128 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

حلقہ انتخاب میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

پی کے – 30 کی نشست پی ایم ایل کے ایم پی اے میاں ضیاء الرحمان کی نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں