زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار

امریکہ قیدیوں کے تبادلے کی بات پر قائم ہے، زلمے خلیل زاد

فوٹو: فائل


اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق زلمے خلیل زاد کو تین روزہ دورے پر 18 فروری کو اسلام آباد پہنچنا تھا تاہم وہ کل پاکستان نہیں آئیں گے۔

دوسری جانب طالبان اور امریکہ کے درمیان کل ہونے والے مذاکرات بھی ملتوی ہوگئے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کا وفد آج پاکستان نہیں آئے گا۔ زلمے خیل زاد اسلام آباد میں افغان طالبان سے مذاکرات طے تھے۔

خیال رہے کہ افغان امن کے لیے قطر میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ امن کا راستہ سیدھا نہیں ہے، امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں انسداد دہشت گردی اور افواج کے انخلا پر بات ہوئی ہے، مذاکرات سے متعلق ہر بات عام لوگوں میں نہیں کی جاسکتی۔

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان بات چیت میں دو اہم معاملات پر نتیجہ خیز پیش رفت ہوئی ہے تاہم مذاکرات سے متعلق ہر بات عام لوگوں میں نہیں کی جاسکتی۔

ایک اور موقع پر زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ افغانستان میں جولائی کے اندر ہونے والے انتخابات سے قبل طالبان سے امن معاہدہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

افغانستان میں 20 جولائی کو صدارتی انتخابات منعقد ہوں گے جس میں موجودہ صدر اشرف غنی اور انجینئر گلبدین حکمتیار سمیت دیگر امیدواران کے درمیان مقابلہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں