ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے رویے سے لگتا ہے دال میں کچھ کالا ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بغیر کسی چور کو ڈھیل نہیں مل سکتی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اور ملتان کے درمیان ایک تیز ترین ٹرین چلا رہے ہیں جس کا نام تھل ایکسپریس ہو گا جب کہ ٹرین کا افتتاح 12 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ 23 مارچ کو کراچی اور راولپنڈی کے مابین تیز ترین ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم جلد نیا سسٹم لا رہے ہیں جس میں لوگ گھر بیٹھ کر ٹرین کی لوکیشن دیکھ سکتے ہیں جب کہ ریلوے کا خصوصی ڈبہ 5 لاکھ روپے میں کرائے پر لیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہفتے میں دو دن کراچی اور دو دن لاہور آفس میں بیٹھوں گا اور بہت جلد ریلوے کماؤ پتر بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا سچا دوست ہوں، لوگوں نے مجھے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے کہیں ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑنا ہے اور میں جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کروں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں سپریم کورٹ میں چوروں کے خلاف کیس لڑنے جا رہا ہوں ان چوروں کی وجہ سے ہی آج بجلی اور تیل مہنگا ہو گیا ہے۔