‘عالمی کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر پر بات کی جائےگی’


لندن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیرخارجہ  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ برطانوی پارلیمنٹ کی مقبوضہ وادی کی سنگین صورتحال پر رپورٹ آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی موجود ہے جبکہ نریندرمودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی اور ان کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر اضافی نفری تعینات کرنا پڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارتی سرکار کشمیریوں پرظلم وستم ڈھا رہی ہے۔ نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ جمہوریت میں فیصلہ کن قوت عوام ہوتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاق رائے موجود ہے۔ مقبوضہ وادی میں صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، کشمیری حق خودارادیت کے جذبے پر قائم ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ہم ہرگز لڑائی کے ہرگزخواہاں نہیں ہیں۔ دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانیہ میں یوم یک جہتی کشمیر پر منعقد اجتماعات میں شرکت کیلئے لندن میں  موجود ہیں۔

ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچنے پربرطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا اور پاکستان ہائی کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی لندن میں قیام کے دوران برطانوی پارلیمنٹ میں منعقد انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں