حکومت ساتھ دے تو نیا صوبہ کچھ دنوں میں بن سکتا، اویس لغاری


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اویس لغاری نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کسی جماعت نے اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کا بل پیش کیا ہے، اگر پی ٹی آئی نے ساتھ دیا تو اگلے دو ہفتوں میں جنوبی پنجاب صوبہ بن جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نیا صوبہ بنائیں گے اب وقت آ گیا کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی ضرورت کو محسوس کیا ہے۔ اگر پہلے یہ صوبہ نہ بن سکا تو یہ ہماری غلطی تھی۔

وزیراعظم  عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، افتخار درانی

ترجمان وزیر اعظم  افتخار درانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کل اپنے خطاب میں صاف کہا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے رہنماوں کی اسمبلی اجلاس میں گفتگو انتہائی نامناسب ہوتی ہے، گزشتہ اجلاس میں جو وزیراعظم کے خلاف زبان استعمال کی گئی وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزرا تو محض ان لوگوں کو چور کہتے ہیں اگر چور کہنا گالی ہے تو میڈیا بھی انہیں چور کہتا ہے۔

ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن ہمیں بلیک میل نہیں کر سکتی اگر ان کا کوئی مطالبہ ہے تو بتائیں ۔

امریکہ سنجیدگی سے افغان معاملات کا حل چاہتا ہے، داؤد اعظمی

سینئر صحافی داؤد اعظمی نے کہا ہے کہ افغانستان کے معاملات ایک درست سمت جا رہے ہیں، امریکہ پہلی بار سنجیدگی سے مذاکرات کے ذریعے معاملات کا حل چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کو اس بات کا احساس ہو چکا ہے کہ یہ جنگ کوئی نہیں جیت سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کا شروع سے ایک ہی مؤقف تھا کہ غیر ملکی افواج افغانستان سے نکل جائیں اور ان کی جنگ کا بھی یہی مقصد تھا۔

تجزیہ کار معید یوسف نے کہا کہ دوحہ میں جس تیزی سے امریکہ و طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرت ہوئے ہیں اس کی امید نہیں تھی۔


متعلقہ خبریں