لاہورـ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس سال پاکستان اپنی تاریخ کی سب سے بڑی برآمدات کرے گا۔ یہ سال ملک کے لیے بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات کا سال ہو گا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال میں ملک میں حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری آئے گی۔ ایگزن آئل 27 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی مدد سے ملک میں بننے والی آئل ریفائنری دنیا کی تیسری بڑی آئل ریفائنری ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اتوار کے روز 2019 کا سی پیک پلان منظرعام پرلایا جائے گا۔ سی پیک منصوبے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بعد اس میں پاکستان تحریک انصاف کا ویژن نظر آئے گا۔
ملک کی دو بڑی جماعتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک سیاسی جماعتوں کے بغیر نہیں چلا کرتے، یہ ایک حقیقیت ہے، سیاسی جماعتوں کا ہونا ملک کے وجود کے لیے اہم ہے۔ ہمارا ان جماعتوں سے جھگڑا صرف تب ہوتا ہے جب یہ اپنے قائدین کے لیے این آر او کی فرمائش کرتے ہیں۔
سیاسی کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست آگے بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے ملک میں کوئی بحرانی کیفیت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ملک کی معیشت بھی بہتری کی طرف جا رہی ہے۔