کوٹری: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر صوبوں نے اپنے حقوق کیلئے اسلام آباد پر چڑھائی کر دی تو یہ موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا۔
کوٹری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو پی ٹی آئی کو ووٹ نہ دینے کی سزا دی جارہی ہے، سندھ نے پھر کہہ دیا کہ ہم آپ کی حکومت نہیں مانتے، جے آئی ٹی اور سیاسی انتقام سے نہیں ڈرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کا صلہ بھگت رہے ہیں، سچ تو یہ کہ پی ٹی آئی کو حکومت صرف دھاندلی کی وجہ سے ملی ہے۔ یہ میرٹ پر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے، سازش کے تحت ہمیں نکالنا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آج ملک میں بجلی ، گیس نہیں آرہی، سرمایہ کار نہیں آرہے لیکن حکومتی وزیر کہتے ہیں کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، ان کی آنکھوں پر غرور کی پٹی ہے۔
انہوں نے کہاکہ زہریلی زبان چلانے سے عوام کے زخموں پر مرہم نہیں رکھاجاسکتا، الزام تراشی سے عوام کا پیٹ نہیں بھرسکتا۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ سندھ حکومت واحد جماعت ہے جو پل بنا کر، تھرمیں روزگار کی فراہمی سمیت عوامی منصوبے سے خدمت کررہی ہے۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کوٹری اور سائیٹ ایریا کو ملانے والے اوور ہیڈ برج کا افتتاح کیا جس کا سنگ بنیاد 6 اپریل 2015 کو رکھا گیا تھا۔
اوور ہیڈ برج کا کام دوسال کے عرصے میں مکمل کیا گیا ہے، کوٹری سائیٹ ایریا اوور ہیڈ برج 1324 ملین سے زائد کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔
بلاول بھٹو کوٹری آمد کے بعد ملک ہاؤس جائیں گے، االمدینہ چوک سے ملک ہاؤس تک سڑکیں اور کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔