لاہور: اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور مریم نواز کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر سندھ مخدوم احمد محمود نے بھی سابق وزیر اعظم سے جیل میں ملاقات کی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات صبح نو بجے سے دوپہر دو بجے تک جاری رہی اور نواز شریف دوران ملاقات اپنے اہلخانہ کے ہمراہ کھانا بھی کھایا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے بھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے درخواست دے رکھی تھی جن میں لیگی ایڈوائزی کمیٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اُن کے اہلخانہ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے بھی ملاقات کرائی جاتی ہے اور ملاقات کا وقت جمعرات کے روز صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کا رکھا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو احتساب عدالت نے 24 دسمبر کے دن العزیزیہ ریفرنس میں فیصلہ سناتے ہوئے سات سال قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ سزا سنائے جانے کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر 4470 الاٹ کیا گیا ہے۔