الزام لگاو کہ پختونوں، بلوچوں اور صوبوں کو حق دیا، پھانسی لگادو، زرداری



بدین: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ صدرکا عہدہ سنبھالنا سے قبل اندرونی سرمایہ کاری پر زور کیلئے وزیرخزانہ اور اسٹاک مارکیٹ کے لوگوں کی ملاقات کرائی، انہوں نے 50 ارب اسٹاک مارکیٹ اڑا دیئے اور خود کشکول اٹھا کر پھر رہے ہیں۔

بدین میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے کرکٹ نہیں آتی میں نے کبھی کوشش ہی نہیں کی، آپکو کام نہیں آتا تو کیوں کرتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پرالزام لگاو کہ پختونوں، بلوچوں اور صوبوں کو حق دیا، پھر پھانسی لگادو۔یہ بکری والا ڈرامہ کیا ہے۔بے نظیربھٹو اورذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے لے جانا ہے، ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ایک نہیں پچاس کیس بناو،پہلے بھی بھگتے ہیں اب بھی بھگتیں گے، ہمیں اورعوام کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، عوام ہمارے ساتھ تھی اور ساتھ ہی رہے گی۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ یہ ڈرامے اور طوفان آنے دو، ان سے ہم مقبول اور خوش ہوتے ہیں۔آپ کوشش جاری رکھیں، میں بھی مقابلہ جاری رکھوں گا۔

سابق صدر نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری مجھے بےنظیربھٹو دے گئی ہیں، ہمیں پتہ ہے عوام کو کیا چاہیے، ہماری رگ رگ میں جمہوریت ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سےکسی کوکام کی امید نہیں،بھیک نہ مانگنےکاکہالیکن آج پوری دنیامیں کشکول لےکرپھررہاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں پہلے سے کم ٹیکس اکٹھا ہونے سے سندھ کو 90 ارب روپے کم ملے، تحریک انصاف کی حکومت نے چھ مہینوں میں سیلفی بنانےکےعلاوہ کچھ نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں