امریکہ میں نینسی پلوسی کانگریس کی دوسری بار اسپیکر منتخب ہوگئیں۔ ایوان نمائندگان میں اپنا عہدہ سنبھالتے ہی اسپیکر نے صدرڈونلڈٹرمپ کو 29 جنوری کو خطاب کی دعوت دیدی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نئی کانگریس کے پہلے اجلاس میں ڈیمو کریٹس نے220 ووٹوں سے اپنی اسپیکر کا انتخاب کرا کر اپنی اکثریت ثابت کی۔
78 سالہ نینسی پلوسی امریکی تاریخ کے 50 سالوں میں دوسری بار منتخب ہونے والی پہلی خاتون اسپیکر ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نینسی پلوسی کو اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر منتخب ہونا بڑی کامیابی ہے۔
دوسری طرف ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 29 جنوری کوبذریعہ خط خطاب کی دعوت دی، ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کے مشترکہ اجلاس میں صدر اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے۔
ڈیموکریٹ پارٹی نے صدر ڈونلڈٹرمپ کی ریپبلیکن پارٹی کو گزشتہ سال نومبرمیں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں شکست دے کر آٹھ سال بعد اکثریت حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ امریکہ میں ٹرمپ حکومت کو شٹ ڈاؤن کا سامنا ہے اور ڈیموکریٹ اراکین اخراجاتی بل کا پیکج منظور کرا کر حکومت کا شٹ ڈاون ختم کرانا چاہتے ہیں تاکہ متاثرہ سرکاری اداروں کو رقوم میسر آسکیں۔
امریکی حکومت کو اس شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا جب کانگریس اور ڈونلڈٹرمپ دسمبر میں بجٹ بل کے معاملے پر معاہدے پرپہنچنے میں ناکام رہے۔
شٹ ڈاون کے نیتجے میں 25 فیصد وفاقی حکومت کے پاس فنڈنگ نہیں، ہوم لینڈ سیکیورٹی اور داخلہ سمیت 9 محکمے متاثر ہیں ۔ علاوہ ازیں آٹھ لاکھ کے قریب ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا ہے یا وہ بغیر تنخواہوں کے کام کررہے ہیں۔