غریب عوام کی بدعائیں حکومت کو ڈبو دیں گی، بیرامند تنگی


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما بیرامند تنگی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کرپشن ختم کرنے کے منشور پر آئے لیکن انہوں نے عوام سے مہنگائی میں کمی اور خوشحالی لانے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی غریب عوام کی بدعائیں اس حکومت کو جلد ہی ڈبو دیں گی، حکومت کو کنٹینر سے اتر کرعوام کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ جمہوریت کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اگر عدم اعتماد لانا چاہیں تولا سکتی ہیں یہ ان کا حق ہے، اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔

ای سی ایل پر نام سوچ سمجھ کر ڈالنا چاہیئے، محمد زبیر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ حکومت جلد بازی کر رہی ہے، انہوں نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر لوگوں کے نام ڈالنے میں بھی جلدی کی، ای سی ایل پر کسی کا بھی نام بہت سوچ سمجھ کر ڈالنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل ضرور ہونا چاہیئے، ہم سب کو اس کو سراہنا بھی چاہیئے لیکن اس کی بنیاد شفافیت ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے بلکہ ہم چاہتے ہیں حکومت کی حقیقت عوام کے سامنے آئے، انہوں نے جو سب دعوے اور وعدے کیے قوم ان کی سچائی بھی دیکھے۔

رہنما (ن) لیگ نے بتایا کہ ایم کیو ایم کو جہاں کہیں گے وہ چلے جائیں گے، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ بھی اتحاد کر سکتے ہیں۔

گورنر راج لاگو نہیں کرنا چاہتے، اعجاز چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا سندھ کی حکومت کو گرانے کا نہیں ہے، نہ ہی ہم گورنر راج لاگو کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ہم نے نہیں بنائی، عوام کو تمام باتوں کا علم جے آئی ٹی وغیرہ کی رپورٹس سے ہی ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ان لوگوں سے استعفیٰ دینے کی اپیل کی ہے جن پر کوئی سنگین جرم ثابت ہوئے ہو۔

رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کوئی بھی غیر ضروری اور غیر قانونی کام نہیں کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کیے ان کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور جلد ہی تمام وعدے پورے بھی ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں