اسلام آباد ہوائی اڈے پر پی آئی اے کا طیارہ سیڑھی سے ٹکرا گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 373 کے طیارے سے سیڑھی ٹکرا گئی جس کے بعد پرواز کی روانگی منسوخ کر دی گئی۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق سیڑھی ٹکرانے سے طیارے میں ہونے والے نقصان کو ٹھیک کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق حادثہ کے بعد مسافروں کو لاؤنج منتقل کر دیا گیا اور ان کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ مذکورہ پرواز اب دوپہر 1:30 پر اسلام آباد سے کراچی کے لئے روانہ ہو گی۔

نئے شیڈول کے مطابق سہ پہر اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 369 کے مسافروں کو شام سات بجے کراچی کی پرواز پی کے 309 سے روانہ کیا جائے گا۔

مسافروں کو پروازوں کے اوقات میں ردوبدل سے ان کی جانب سے فراہم کردہ ٹیلی فون نمبروں پر آگاہ کر دیا گیا ہے، پی آئی اے نے اس غیر متوقع صورتحال پر مسافروں کو زحمت پر معذرت کی ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازیں اکثر انجن کی خرابی کے باعث خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جہاز سے منسلک مسافروں کو جہاز تک پہنچانے والا کنیکٹ برج گرنے ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔

سول ایوی ایشن حکام نے واقعے پرایئرپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں انکوائری بورڈ بھی تشکیل دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں