جے آئی ٹی سے کوئی رابطہ نہیں، شہزاد اکبر


اسلام آباد: معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نواز شریف کیس میں آج جو فیصلہ آیا ہے وہ بالکل ٹھیک ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر کو پتا چلے گا کہ عدالت کیا فیصلہ لیتی ہے، ابھی تو اور فیصلے بھی آنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا جے آئی ٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے نہ ہی ان کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں البتہ ان کی ڈی جی ایف آئی اے سے ملاقتیں ضرور ہوئی ہیں لیکن ڈی جی ایف آئی اے کا جے آئی ٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امید ہے کہ نواز شریف جیل سے بری ہو جائیں گے، محمد زبیر

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے جب پچھلے سال فیصلہ سنایا تھا تو ہم نے اس فیصلے پر اعتراض کیا تھا، ہمارا اعتراض آج بھی اپنی جگی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے اگر بینک لوٹ کر لندن میں جائیداد بنائیں تو کیا سزا ان کے والد کو دی جائے گی؟ اگر حسین اور حسن نواز عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو ان کی سزا والد کو کیسے مل سکتی ہے؟ مجھے ایسا کوئی قانون نہیں پتا جس میں بیٹوں کے عدالت میں نہ پیش ہونے کی سزا ان کے والد کو دی جائے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ نواز شریف کے کیس کو ہم چیلنج کریں گے، ہمیں امید ہے کہ نواز شریف جیل سے بری ہو جائیں گے۔

آگے کچھ بھی ممکن ہے، وسیم سجاد

پروگرام میں موجود سابق صدر پاکستان وسیم سجاد نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کافی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ سپریم کورٹ اب آگے کیا فیصلہ کرتی ہے، کچھ بھی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی بنائی ہوئی رپورٹ جب عدالت میں پیش کی جائے گی تو اسے بنانے والے کو بھی سامنے آنا پڑے گا، اگر کوئی ایسا معاملہ سامنے آتا ہے جس میں کوئی تنازع نہیں ہے تو وہاں سپریم کورٹ فیصلہ کر سکتی ہے۔

پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا، شہلا رضا

پروگرام میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو ہماری پارٹی نے مسترد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں سے کبھی نہیں بھاگتے، پیپلز پارٹی بے بہت سی چیزوں کا سامنا کیا ہے، ہمارے لیے یہ بڑی بات نہیں ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھوڑا عرصہ پہلے فریال تالپور کے شوہر سے بھی ریکارڈ مانگا تھا جو عدالت میں پیش کر دیا گیا تھا۔

ملکی دولت لوٹنے والوں کو عبرت ناک سزا دینے کی ضرورت ہے، تعیم الحق

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لیے لمحہ فکریا ہے، حکمرانوں نے ہمارے ملک کو بہت لوٹا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو اس حوالے سے مل کر قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے تا کہ آئندہ کبھی کوئی اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہ کر سکے، آج بھی ہماری سیاست میں اچھی چیز کو برا اور بری چیز کو اچھا سمجھا جاتا ہے، ملکی دولت لوٹنے والوں کو عبرت ناک سزا دینے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں