نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر مسلم لیگ ن عوامی رابطہ مہم چلائے گی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف آج ایک بار پھر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں ان کی پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے متوقع فیصلے پر گفتگو کی اور عدالتی فیصلہ حق میں آنے پر خاموشی اخیتار کرنے پر غور کیا جبکہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ آنے پر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف سے ملاقات کے بعد نواز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کی۔

‘نواز شریف  پارلیمنٹ کے کمیٹی روم استعمال نہیں کرسکتے’

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کو کمیٹی روم نمبر دو میں اجلاس منعقد کرنے سے روک دیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز شریف چونکہ رکن قومی اسمبلی نہیں اس لیے وہ پارلیمنٹ کے کمیٹی روم استعمال نہیں کرسکتے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث اجلاس اپوزیشن چمبر میں ہوا۔

سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس

اجلاس میں پارٹی کی سیئنر قیادت سمیت شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، حمزہ شہباز، احسن اقبال، رانا تنویر، آصف کرمانی، عبد القادر بلوچ اور مریمُ اورنگزیب بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں احتساب عدالت سے نواز شریف کو سزا ملنے کی صورت میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عوامی رابطہ مہم چلانے کی صورت میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہونگے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ عوامی رابطہ مہم کا آغاز تیس دسمبر سے باقاعدہ شروع ہو گا اور اس کی  قیادت حمزہ شہباز شریف کرینگے۔

اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ تیس دسمبر کو لاہور میں مسلم لیگ ن کا یوم تاسیس منعقد کیا جائے جس سے حمزہ شہباز اور پارٹی کی سیئنر قیادت خطاب کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارچ 2019ء تک مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی مکمل کی جائے۔ پارٹی ممبران نے حکومت کے خلاف مختلف امور پر سخت موقف اپنانے کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس ختم ہونے کی بعد میاں نواز شریف نے روانہ ہوتے ہوئے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی اور کہا کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی پر بات چیت ہوئی۔

سابق زیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور ہمارے دور کی ترقی کو عالمی سطح پر مانا گیا۔

گزشتہ روز احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ 24 دسمبر کو سنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں