اسلام آباد: وزیر توانائی فیصل واوڈا نے کہا ہے میں پاکستانی قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں تاریخ لکھوں گا اور ان تمام لوگوں کو رلاؤں گا جنہوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔
اسلام آباد میں چیئرمین واپڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرتوانائی نے بتایا کہ آج خوشخبری سنانے جارہا ہوں 54 سال پرانا مہمند ڈیم کا مسئلہ حل ہوا ہے یہ ایسا کام ہونے جارہا ہے کے ہماری آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہ 54 سال سے زیر التوا منصوبہ تھا ہم اسے وقت سے پہلے مکمل کریں گے اوراس منصوبے کا شاندار افتتاح کریں گے تاکہ پوری دنیا میں پیغام جائے، اس منصوبے سے پشاور کو اتنا پانی دیں گے یہاں کی نسلیں سیراب ہوں گی۔
وزیرتوانائی نے بتایا کہ یہ ڈیم مہمند کے علاقے کی 1800 ایکڑ زمین کو سیراب کرے گا اور سیلاب کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا یہ پاکستان کا پہلا پراجیکٹ ہے جہاں ہم اپنی صلاحیتوں کو بڑھائیں گے۔
چیئرمین واپڈا نے کانفرنس میں بتایا کہ ادارہ منصبوں کو بروقت بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، داسو منصوبے کے لیے ہمارے پاس زمین اور پیسہ دونوں نہیں تھا لیکن اب ہم نے مسئلہ حل کرلیا ہے۔