پاکستان میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے اور پنجاب کے وسطی و جنوبی حصوں میں دھند پڑنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں کُہر پڑنے کا سلسلہ کچھ حد تک کم ہوا ہے جس سے صبح کے وقت سردی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار ہے۔

پنجاب میں خشک سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

نارووال میں دوسرے روز بھی شدید دھند پڑنے سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔ دھند کے باعث نیو لاہور روڈ اور مرید کے روڈ پر ٹریفک روانی سست ہے۔ دھند اور اوس کے امتزاج سے سردی کی شدت میں مذید اضافہ  ہو گیا ہے۔

حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے تمام اضلاع میں بدھ کے روز موسم سرد اور خشک رہے گا۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔ زیارت میں سب سے زیادہ سردی پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

استورمنفی 08، گوپس منفی08، کوئٹہ منفی06، قلات منفی08، بگروٹ  منفی03،  گلگت منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں