مری میں سرما کی پہلی برف باری، سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری

فوٹو: فائل


مری: ملکہ کوہسار مری میں رواں سیزن کی پہلی برف باری کے بعد سیاحوں کو بہتر ٹریفک سہولیات دینے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) محمد بن اشرف نے ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے سیاحوں کو ٹریفک سہولیات کے ساتھ ساتھ مدد اور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایات کی ہیں۔

سی ٹی او مری نے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سیاح صرف پٹرول گاڑی پر ہی مری آئیں اور ٹو چین اپنے پاس ضرور رکھیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے سیاحوں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ روڈ کے کنارے گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں تاکہ ٹریفک کی روانہ متاثر نہ ہو۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی کی بیٹری اچھی حالت میں رکھیں تاکہ شدید سردی میں بھی گاڑی بآسانی اسٹارٹ ہو جائے، پٹرول کا ٹینک فل رکھیں اور غلط پارکنگ کسی صورت نہ کریں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاح کسی بھی قسم کی معاونت، مدد اور رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 0519269200  پر رابطہ کریں اور اپنے سفر کو خوشگوار بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔


متعلقہ خبریں