ممبئی: بھارت کا امیر ترین شخص مکیش امبانی کی 27 سالہ بیٹی ایشا امبانی کی شادی 33 سالہ آنند پیرامل سے ہو رہی ہے۔ بھارت کی مہنگی ترین شادی پر اربوں روپے خرچ ہوں گے۔
مکیشن امبانی کو بھارت کے امیر ترین شخص کا اعزاز حاصل ہے اور اُن کی بیٹی کی شادی کی رسومات آج سے شروع ہو رہی ہیں۔ شادی سے قبل ادے پور میں تین روز تین دن تک گیت اور رقص کی تقریبات ہوں گی جب کہ شادی کی تقریب 12 دسمبر کو ممبئی میں ہو گی۔
ادے پور میں نجی کنسرٹ میں ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو پہنچانے کے لیے 100 سے زائد چارٹرڈ طیاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ادے پور ائرپورٹ پر کسٹم اور امیگریشن کے خصوصی کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں جو پانچ روز تک کام کریں گے جب کہ شادی کی تقریبات میں پریانکا چوپڑا سمیت بالی ووڈ ستارے شرکت کر رہے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی فہرست میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور اُن کی اہلیہ ہیلری کلنٹن کا نام بھی شامل ہے۔ شادی کی تقریب میں دنیا کی مہنگی ترین امریکی گلوکارہ بیونسے بھی شریک ہوں گی جب کہ دیگر ممالک سے بھی اہم کاروباری اور حکومتی شخصیات شرکت کر رہے ہیں۔
تقریبات میں شریک مہمانوں کے لیے ایک موبائل اپلیکیشن بھی تیار کی گئی ہے تاکہ وہ سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق مکیشن امبانی 47 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جب کہ اُن کی بیٹی کا شوہر آنند پیرامل کا خاندان کا تعلق بھی امیر ترین گھرانوں میں سے ایک ہے۔
ایشا اور آنند کو شادی کے بعد رہائش کے لیے ممبئی میں سمندر کنارے 50 ہزار فٹ رقبے پر پھیلا گھر تحفے میں دیا جائے گا جس کی مالیت 450 کروڑ بھارتی روپے ہیں۔
ایشا اور آنند کی منگنی اٹلی کے مقام لیک کومو میں ہوئی تھی جس میں 600 سے زائد مہمان شریک تھے، جس میں امریکی موسیقار جان لیجنڈ اور بھارتی موسیقار اے آر رحمن نے پرفارم کیا تھا جب کہ بالی ووڈ کی کئی نامور شخصیات نے اس میں شرکت کی تھی۔
شادی کے لیے زیورات اور ملبوسات کے لیے بھی بھارت کے مہنگے ترین ڈیزائنرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جس کی لاگت کروڑوں روپے ہے جب کہ شادی کا دعوت نامہ جو ایک ڈبے کی صورت میں ہے کی قیمت تین لاکھ بھارتی روپے ہے اور اس کارڈ میں چھوٹے چھوٹے ڈبے سجائے گئے ہیں جنہیں سونے سے تیار کیا گیا ہے اور ان ڈبوں میں سونے کی مالائیں موجود ہیں۔