ہاکی ورلڈ کپ 2018، آسٹریلیا کامیاب، چین-انگلینڈ میچ برابر


بھوبنیشور:ہاکی ورلڈ کپ 2018ء میں آج کھیلے گئے میچز میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی جبکہ آج کھیلے گئے دوسرے ہاکی میچ میں چین اور انگلینڈ کا مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا۔

بھارت کے شہر بھونیشور میں جاری 14واں ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے تیسرے روز پول بی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلہ یک طرفہ ثابت ہوا جس میں آسٹریلیا نے باآسانی آئرلینڈ کو دو-ایک سے شکست دے دی۔

دن کےدوسرے میچ میں چین نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ برابر کر دیا، چین نے انگلینڈ کی جارحانہ کھیل کا انتہائی مہارت سے دفاع کیا اور انگلینڈ کی جانب سے کئے گئے دو گول کی برتری کو بھی برابر کر دیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز  پول اے کی ٹیمیں آمنے سامنے آئی تھیں، پہلے میچ میں اولمپک گولڈ میدلسٹ ٹیم ارجنٹائن نے اسپین کو سنسنی خیز میچ میں تین کے مقابلے میں چارگول سے شکست دی تھی جبکہ  دوسرے ہاکی میچ میں کیویز نے فرانس کو دو ایک سے ہرا دیا تھا۔

ہاکی ورلڈ کپ 2018

16 دسمبر تک شیڈول کیے گئے میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں اسپین، نیوزی لینڈ، فرانس اور ارجینٹائن، گروپ بی آئرلینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا، چائنہ، گروپ سی میں ساؤتھ افریقا، انڈیا، کینیڈا، بیلجیئم اور گروپ ڈی میں پاکستان نیدرلینڈ، ملائیشیا اور جرمنی کو رکھا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم

پاکستان کو اپنے ابتدائی میچوں میں ہی مشکل حریفوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میگا ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گا، پانچ دسمبر کو پاکستان دوسرے میچ میں ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گا۔

واضح رہے کہ 1982 میں بھارت میں عالمی کپ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں ہے۔

پاکستان 1971، 1978،1982 اور 1994 میں ورلڈ کپ کا فاتح رہا ہے۔ پاکستان ٹیم کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنےکے لیے ٹورنامنٹ کی ٹاپ 8 ٹیموں میں آنا لازمی ہے۔

 


متعلقہ خبریں