اب کسی اور کی جنگ ملک میں داخل نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ شمالی وزیرستان

وزیراعظم آرمی چیف کے ہمراہ شمالی وزیرستان پہنچ گئے | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: آئی ایس پی آر


میرانشاہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغان امن عمل میں اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے کیونکہ ملک میں دیرپا امن کے حصول کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

شمالی و جنوبی وزیرستان کے مشترکہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں دوبارہ ایسی کوئی جنگ نہیں لڑنی چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان حلف برداری کے بعد پہلی بار سرکاری دورے پر میرانشاہ گئے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ وزیرستان کے مشترکہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام نے جس جرات کا مظاہرہ کیا وہ کوئی اور نہیں کر سکتا، ہم نے زبردستی مسلط کی جانے والی جنگ لڑی، اس جنگ میں ہم نے بھاری قیمت بھی ادا کی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستان میں دوبارہ ایسی کوئی جنگ نہیں لڑنی چاہیے۔ پاکستان کو افغان امن عمل میں اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے کیونکہ پاکستان میں دیرپا امن کے حصول کے لیے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم کو سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی آپریشن اور بحالی آپریشن پر بریفنگ دی گئی ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کو بے گھرعارضی افراد کی بحالی اور شمالی وزیرستان میں سماجی و ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو شمالی وزیرستان میں کیے جانے والے آپریشنز اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے عمل میں پیشرفت پر بھی بریف کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے بارڈر غلام خان کا بھی دورہ کیا جہاں برگیڈئر ندیم کمانڈر نے انہیں این ایل سی میں ٹرمینل کے بارے میں آگاہ کیا جب کہ ایف سی کمانڈر کرنل شہزاد نے ایل او سی کی باڑ کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیر مملکت شہریارآفریدی، مشیر وزیراعلیٰ شوکت یوسفزئی، علی امین خان گنڈہ پور بھی اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پیر کے روز کیے گئے دورے میں وزیراعظم نے فاٹا کے مختلف اضلاع کے لیے ویلفیئر پیکیجز کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیراعظم نے فاٹا کے لیے یونیورسٹی، آرمی کیڈیٹ کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا ہے۔


متعلقہ خبریں