تعلیم کا حصول اور جلد شادی کا خوف، قصور کی طالبہ کراچی آگئی


کراچی: پنجاب کے شہر قصور میں مقیم 14 سالہ میٹرک کی طالبہ نے تعلیم کے حصول اور جلد شادی کے خوف سے گھر سے بھاگ کر کراچی منتقل ہوگئی۔

ہم نیوز کے مطابق نو عمر مصباح پولیس کانسٹیبل کو کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ  کے قریب سے ملی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ والد پڑھائی کے خلاف ہیں اور جلد شادی کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سپر مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں موجود 14 سالہ مصباح کے پاس اسکول یونیفارم اور درسی کتب بھی موجود تھیں۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ عرصہ قبل چترال میں ہونے والی حالیہ خودکشیوں کی اہم وجہ زبردستی کی شادیاں تھیں جن میں نوجوانوں سے مشورہ نہیں کیا جاتا۔

انکوائری کمیٹی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گھریلو مسائل اور امتحانات میں کم نمبر آنا بھی خودکشی کی دیگر وجوہات میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع  چترال میں ماہر نفسیات نہ ہونے کی وجہ سے خودکشی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے اور حالیہ لہر مستقبل میں خطرناک صورتحال اختیار کرسکتی ہے۔

چترال میں جنوری 2017 سے اب تک خودکشی کے 33 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ 2017 میں زبردستی یا بغیر پوچھے شادی کی وجہ سے خودکشی کے 21 واقعات رونما ہوئے تھے جبکہ  رواں برس اگست تک چترال میں خودکشی کے 12 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی ہے کہ چترال میں خودکشی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں