قومی اداروں کو بغاوت کے لیے اکسانے کی اجازت کسی کو نہیں، اعجاز اعوان


اسلام آباد:تجزیہ کار میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان نے کہا کہ پاکستان کے قومی اداروں کو بغاوت کے لیے اکسانا یا انہیں ایسا کوئی پیغام دینا کسی طرح بھی ٹھیک نہیں اور کسی کو اس کی اجازت نہیں ہے.

ہم نیوز کے پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بات کہنے پر سزائے موت ہے اور ایک طبقہ جس نے اس وقت پوری قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے ان پر بھی تمام قوانین لاگو ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب اداروں  نے مل کر کام کرنا ہے۔ یہ فیصلہ عدالت نے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔

پروگرام میں موجود تجزیہ کار بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ اس طرح کے عناصر کو ہم خود پالتے ہیں اگر اب بھی ہم نے اس بات کو نہیں سمجھا تو یہ ہمیشہ ملک کو یرغمال بناتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہت حساس ہے، جب قومی اداروں کو کچھ کرنا ہوتا ہے تو وہ کرکے رہتے ہیں کسی کی اجازت نہیں مانگتے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو اس وقت بیرون ملک کے دورے پر نہیں جانا چاہیے تھا۔

شو میں موجود تجزیہ کار اکرام سہگل نے کہا کہ آپریشن ضرب عذب کیا گیا لیکن اس میں غلطی یہ ہوئی کہ شہری علاقوں میں یہ آپریشن نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن سیاسی جماعتوں نے ملک کو یر غمال بنایا ہوا ہے اس کا نقصان پاکستان کو نہیں بلکہ انہیں خود کو ہوا ہے، ہر طبقہ ان کے خلاف کھڑا ہے، کسی کے دل میں ان کے لیے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسی چیزیں یہاں رکیں گی نہیں، اب چیزیں ہاتھ سے نکل رہی ہیں، اس وقت وزیر اعظم کو ملک میں رہ کر معاملات کع سنبھالنا چاہیے تھا لیکن اب جو بھی زمہ داراں ہیں انہیں کوئی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں