سانحہ پشاور: آرمی چیف کی تعزیت کے لیے بلور ہاؤس آمد


پشاور: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ جمعرات کو بلور ہاؤس پشاور گئے جہاں انہوں نے بلور خاندان سے تعزیت کی اور ہارون بلور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بلور فیملی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم سے ڈٹی رہی، اس خاندان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم امن کے  پرآزمائش سفرمیں طویل فاصلہ طے کر چکے ہیں، منزل اب زیادہ  دور نہیں۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی آرمی چیف کے ہمراہ  تھے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک بھی بلور ہاؤس پشاور آئے جہاں انہوں نے ہارون بلور کی شہادت  پر تعزیت کی، نگراں وزیرداخلہ اعظم خان اور نگراں وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دس جولائی کو ایک کارنر میٹنگ کے دوران عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور اے این پی کے 20 کارکنوں سمیت  شہید ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں