ڈونلڈ ٹرمپ کے جنرل اسمبلی آمد پر اسکیلیٹر بند، امریکی صدر کی تنقید

Donald Trump

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی آمد پر اسکیلیٹر بند ہو گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ کو اسکیلیٹر بند ہونے پر تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پہنچے تو جوں ہی بالائی منزل پر جانے کے لیے اسکیلیٹر پر چڑھے تو وہ اچانک رک گیا۔ جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو خاتون اول میلانیا کے ہمراہ سیڑھیاں چڑھنی پڑیں۔

اسکیلیٹر بند ہونے پر امریکی صدر تھوڑی دیر کے لیے رک گئے لیکن اسکیلیٹر نہ چلا۔ جس کے بعد خاتون اول نے سیڑھیاں چڑھنا شروع کر دیں تو ڈونلڈ ٹرمپ بھی ان کے پیچھے سیڑھیاں چڑھنے لگے۔

اسکیلیٹر کے یوں اچانک رک جانے پر امریکی صدر کو اقوام متحدہ پر تنقید کا ایک اور موقع مل گیا۔ اور اپنے خطاب کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے پر مجھے صرف ایک ٹوٹا ہوا اسکیلیٹر ملا۔ اگر خاتون اول کی صحت اچھی نہ ہوتی تو ہو گر جاتیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا اجلاس، سیکریٹری جنرل کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے اسکیلیٹر کی اچانک بند ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر ان کا فوٹوگرافر بھی ہمراہ تھا اور وہ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کی تصاویر بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ممکن ہے کہ فوٹوگرافر کا اسکیلیٹر کے بٹن پر غلطی سے ہاتھ لگنے سے وہ رک گیا ہو۔


متعلقہ خبریں