امریکہ میں کام کرنے والی مزید تین چینی ٹیلی کام کمپنیوں کو پابندی کا سامنا کرنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
امریکی ریگولیٹری اتھارٹی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (ایف سی سی) نے تین چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی حمایت میں متفقہ ووٹ منظور کرلیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ایف سی سی نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ میں کام کرنے والی چینی کمپنیاں چائینہ یونیکام امریکاز، پیسیفک نیٹ ورکس اور کام نیٹ چینی حکومت سے اپنے رابطوں کی وضاحت کرنے میں ناکام ہوگئیں جس کے سبب امریکہ سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریگولیٹری اتھارٹی نے اپریل میں تینوں کمنیوں کو چین سے اپنے روابط سے متعلق وضاحت کرنے کا کہا تھا تاہم وہ اس معاملے سے متعلق کوئی خاطر خواہ جواب دینے میں ناکام رہیں۔
ایف سی سی کا کہنا ہے کہ بیجنگ سے ان کے رابطوں سے چین کی جانب سے ان کے استحصال، اثرو رسوخ اور کنٹرول کرنے کا احتمال پیدا ہوگیا ہے۔
