تیونس کے دارالحکومت میں واقع امریکی سفارت خانے کے باہر خودکش حملہ ہوا ہے جس نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سفارت خانے پر حملے کے دوران دو دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے تاہم ان میں سے ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے فیس بک پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ تیونس میں واقع امریکی سفارت خانے پر ہونے والے خود کش حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو ایمرجنسی کے عہدیدار دیکھ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: افغان صوبے غزنی میں خود کش حملہ، 4 افراد ہلاک ، 20 زخمی
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے باعث متعدد گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں جبکہ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار امریکی سفارت خانے کی جانب دوڑ رہے ہیں۔
مقامی دکان دار نے رائٹرز کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار ایک دہشت گرد پولیس کی جانب بڑھا بعد ازاں ایک دھماکے کی آواز آئی جس کے بعد اس دہشت گرد کے ٹکڑے زمین پر بکھرے ہوئے نظر آئے۔
دوسری جانب برطانوی سفارت خانے نے ملک میں موجود اپنے شہریوں کو سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
