اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج کے لیے ہر ممکن صحت کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرلکھا کہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا ہے کہ وہ نوازشریف کی پسند کے مطابق علاج کے لیے ملک میں موجود صحت کی ہرسہولت ممکن بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، انہوں نے نوازشریف کی صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی ہے کہ نواز شریف کو انکی مرضی کے مطابق علاج فراہم کرنے کیلئے ملک میں موجود تمام ہسپتالوں کی دستیابی یقینی بنائیں۔ وفاقی حکومت جہاں بھی ضرورت پڑے گی معاونت فراہم کرے گی۔ میری دعا ہے کہ انہیں صحتیابی میسر آئے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 9, 2019
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی دو دن قبل کہا تھا کہ وزیراعظم نے نوازشریف کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے، میڈیکل بورڈ کی سفارشات پرعمل کرتے ہوئے نواز شریف جس ڈاکٹر یا اسپتال سےعلاج چاہتے ہیں وہاں منتقل کیا جائے۔
کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف عارضہ قلب سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں علاج کی غرض سے پہلے سروسز اور پھر جناح اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازاور مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی جانب سے علاج کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے علاج کے سلسلے میں تعاون نہ کرنے کی شکایت سامنے آئی تھیں۔
واضح رہے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اسی سلسلے میں نوازشریف سے پیر کے روز جیل میں ملاقات کریں گے اور ان کی عیادت کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 25 فروری کو نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت پررہائی کی درخواست مستردکرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں کوئی ایسی بیماری لاحق نہیں جس کا علاج پاکستان میں نہ ہوسکے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کو احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
