اسلام آباد: وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 2024 میں ریکارڈ شکایات موصول ہوئیں۔ اور موصول ہونے والی شکایات پر ریکارڈ فیصلے کیے گئے۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے عوام کی سہولت کے لیے دوردراز علاقوں میں نئے علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ تاکہ شکایت کنندگان کو ان کے گھر کے قریب انصاف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کا سال اس حوالے سے انتہائی اہم اور یادگار رہا۔ کیونکہ اس سال ریکارڈ شکایات آئیں اور ریکارڈ فیصلے کیے گئے۔ گزشتہ برس 2 لاکھ 26 ہزار 372 شکایات آئیں تھیں۔ جن میں سے 2 لاکھ 23 ہزار198 شکایات کے فیصلے کیے گئے۔ شکایات اور فیصلوں میں سال 2023 کے مقابلے میں بالترتیب 17 فیصد اور 16 فیصد اضافہ ہوا۔
اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ 93.21 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد بھی ہو گیا۔ جبکہ عملدرآمد کی شرح سال 2023 میں 85.70 فیصد تھی۔ عوام الناس کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں 126 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ او سی آر پروگرام کے تحت 171 دوروں کے دوران 4 ہزار 840 شکایات نمٹائی گئیں۔ جبکہ سرکاری اداروں کے نظام کی اصلاح اور خدمات کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیموں نے سرکاری محکموں کے 79 دورے کیے۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ، وزیر داخلہ
وفاقی محتسب نے مزید کہا کہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں غریب آدمی کی عدالت ہے۔ جو بڑی تعداد میں شکایت کنندگان کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کر رہا ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2024 کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کی ایک لاکھ 51 ہزار 897 شکایات موصول ہوئیں۔
