اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف تحقیقات میں پورا فارمولا بنانا پڑے گا اس میں پاکستان کو سعودی عرب، چین اور یو اے ای کا تعاون بھی حاصل ہے۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جو گند کیا ہے اسے ٹھیک کرنا ایک ملک کا کام نہیں۔ پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ احتساب اور کرپشن کے خلاف فریم ورک بنا لیا گیا ہے جب کہ بجلی پاور پلانٹس کے آڈٹ کا حکم بھی دے دیا ہے اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے دنیا کے مہنگے ترین پاور پلانٹس لگائے لیکن جہاں ہم احتساب کا کہتے ہیں تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اگر ہم نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر چلنا ہوتا تو دیگر حکومتوں میں اور ہم میں کیا فرق رہتا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے بجلی کی قیمت 15 روپے فی یونٹ سے تجاوز کر چکی ہے لیکن حکومت 14 روپے 22 پیسے کی بجلی دے رہی ہے اور حکومت دو روپے 63 پیسے فی یونٹ نقصان کررہی ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا گرمیوں میں حکومت کو ایک ارب 80 کروڑ روپے اور سردیوں میں ایک ارب دو کروڑ روپے یومیہ خسارہ برداشت کرنا پڑتا ہے جب کہ پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے میں نو سے دس ماہ لگ جائیں گے۔
ضمنی انتخابات سے متعلق وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نیا طریقہ اپنایا کہ حکمراں جماعت انتخابی عمل سے لا تعلق رہی اور کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا بھر بھی 35 میں 17 سیٹیں ہم نے جیتی ہیں اور اپوزیشن مل کر بھی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اٹک یا بنوں کی سیٹیں اس لیے ہاتھ سے گئیں کہ پی ٹی آئی کے دو دو لوگ کھڑے ہوگئے تھے۔