راولپنڈی: پاک فوج نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجرجنرل آصف غفور کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔ پاکستانی خفیہ ادارے کے نئے سربراہ حال ہی میں ترقی پانے والے افسران میں شامل ہیں۔
اپنے پیشرو لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ لینے والے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔
دنیائے انٹیلی جنس کے بہترین اداروں میں شمار کیا جانے والا آئی ایس آئی کا ادارہ ملکی معاملات اور قومی سلامتی سے متعلق معلومات حاصل، استعمال اور تجزیہ کرنے کا ذمہ دار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی کو چیف آف لاجسٹکس اسٹاف تعینات کیا گیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر کور کمانڈر پشاور تعینات ہوئے ہیں جب کہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز ملٹری سیکرٹری جی ایچ کیو تعینات کیے گئے ہیں۔
[post-gallery id=”1″ position =”full” img=”91060,91061,91062,91063,91064,91065″]
پاک فوج میں ہونے والی حالیہ تعیناتیوں کے تحت لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) آرمز اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان کو وائس چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کیا گیا ہے۔
